گندم درآمد کا فیصلہ پی ڈی ایم حکومت کی سمری پر کیا گیا، انوار الحق کاکڑ

Pinterest LinkedIn Tumblr +

سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کہ گندم درآمد کرنے کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت کی سمری پر لیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی دورہ کوئٹہ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان ہاؤس گئے جہاں پر انہوں نے وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات کی، بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو اور وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیر اعلی ہاؤس آمد پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔

محسن نقوی نے سرفراز بگٹی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امن عامہ کی صورتحال کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن عامہ کے لیے تعاون پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ آمد پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، محسن نقوی سے امن و امان کی صورتحال پر بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو سافٹ اسٹیٹ سے ہارڈ اسٹیٹ بناناہوگا، ایسا کس ملک میں ہوتا ہے کہ بغیر پاسپورٹ دوسرے ملک جاسکیں؟

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ، ترقی کے سفر میں بلوچستان کا بہت اہم کردار ہے ، بلوچ بھائیوں کی ہر طرح سے خدمت کےلیے حاضر ہیں۔

چیرمین پی سی بی کا 3 ماہ میں بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان
اس کے علاوہ وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے ہمراہ نواب اکبر علی خان بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ بھی کیا، اس دوران چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گراؤنڈ کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر سابق نگران وزیر اعظم سینٹر انوارالحق کاکڑ بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں بھی کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

چیرمین پی سی بی نے 3 ماہ میں بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیڈیم کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات دیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ بگٹی اسٹیڈیم میں سہولتوں کو کم سے کم وقت میں بہتر کیاجائے گا، بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام کے لئے کرکٹ کے ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے بتایا کہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال پر میٹنگ کی، وزیراعلیٰ بلوچستان چاہتے ہیں صوبے میں کرکٹ بحال ہو۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیاہے کہ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس لگائیں گے، صوبائی حکومت سے ملکر بلوچستان میں پی ایس ایل لائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ میرے اور انوارالحق کاکڑ کےخلاف گندم انکوائری ہو۔

اس موقع پر سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھا کہ گندم کی درآمد کافیصلہ پی ڈی ایم کی حکومت کی سمری پر لیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے گندم کی درآمد کے لیے کوئی نئی پالیسی نہیں بنائی، گندم اسی ایس آر او کےتحت درآمد کی گئی جوپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت میں جاری ہوا تھا۔

وفاقی وزیرداخلہ کی سی ایم ایچ کوئٹہ آمد
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ایم ایچ میں گذشتہ روز جھڑپ میں زخمی 6 جوانوں کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی، انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے کو بھی سراہا۔

محسن نقوی نے کہاکہ سی ایم ایچ میں زخمی جوانوں کا بہترین علاج معالجہ ہو رہا ہے، اس موقع پر انہوں نے زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا بھی کی۔

Share.

Leave A Reply