وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس نے ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کو کامیاب قرار دیا ہے جب کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ ایرانی صدر نے امید ظاہر کی کہ معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کےحالیہ اجلاس کی ڈان نیوز کو موصول اندرونی تفصیلات کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو بغیر کسی تاخیر کے ایران کے ساتھ معاہدوں پرعمل درآمد یقینی بنانے کا حکم جاری کیا۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی کابینہ کو ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کےاختتام پر ان کے احساسات اور توقعات سے آگاہ کیا گیا۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ ایرانی صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف غیرمعمولی عمل درآمد اسپیڈ کے لیےجانےجاتے ہیں۔
بتایا گیا کہ ایرانی صدر نے توقع ظاہر کی وزیر اعظم شہبازشریف معاہدوں پرعمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ایرانی صدر کا دورہ پاکستان کامیاب بنانے پر مسلح افواج، سیکیورٹی فورسز ، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے اقدامات کی تعریف کی۔