کراچی: عازمین حج کو پرواز کی روانگی سے 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت

Pinterest LinkedIn Tumblr +

کراچی سے سعودی عرب ’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ سے متعلق جناح ایئرپورٹ پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جب کہ عازمین حج کو پرواز کی روانگی سے 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے کراچی ایئر پورٹ پر 8 سعودی امیگریشن کاؤنٹرز قائم کر دیےگئے ہیں، ان کاؤنٹرز پر سعودی امیگریشن کے سسٹم نصب کر دیے گئے۔

ایئر پورٹ حکام نے عازمین حج کو پرواز کی روانگی سے 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنےکی ہدایت دی گئی ہے۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج گیٹ نمبر 24 سعودی امیگریشن اور کسٹم حکام کے لیے مختص ہے۔

یاد رہے کہ ’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ کے تحت سعودی حکام 16 ہزار سے زائد عازمین حج کو کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن خدمات فراہم کریں گے، پروجیکٹ کے تحت حج پر جانے کا ارادہ رکھنے والے عازمین کو سعودی ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے عمل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔

گزشتہ ہفتے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان نے بتایا تھا ’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ کے تحت حج پروازیں 9 مئی سے شروع ہوں گی اور 8 جون کو ختم ہوں گی۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ پر ’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ خاص طور پر حکومت کے زیر اہتمام 16 ہزار عازمین حج کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ سے پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے حج کرنے والے اضافی 15 ہزار عازمین کو ’روڈ ٹو مکہ منصوبے‘ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک میٹنگ ہوئی جس میں آئندہ حج کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ’روڈ ٹو مکہ منصوبے‘ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ایئرپورٹ منیجر عرفان خان نے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایئر لائنز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں، بارڈر ہیلتھ سروسز، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، کسٹمز اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایجنسیوں نے عازمین حج کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

Share.

Leave A Reply