دس منٹ میں اندازہ ہوگیا تھا کہ غلط شخص سے شادی کرلی، پھر بھی 10 سال چلائی، نادیہ خان

Pinterest LinkedIn Tumblr +

اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلی شادی کرنے کے 10 منٹ بعد ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ انہوں نے غلط شخص سے شادی کرلی لیکن اس باوجود انہوں نے 10 سال تک شادی چلائی۔

نادیہ خان نے حال ہی میں اداکار ساجد حسن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے والدین سمیت اپنی ازدواجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ 11 بہن اور بھائی تھے جب کہ ان کے والد پاک فوج میں کمانڈنٹ تھے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے پہلے شوہر نے پہلی بار انہیں ڈرامے کی شوٹنگ پر دیکھا اور دوسری بار ان کی منگنی ہوچکی تھی اور 1990 کے زمانے میں ایسے ہی پیار اور پسند کی شادیاں ہوتی تھیں۔

نادیہ خان کے مطابق وہ اور ان کے پہلے شوہر دونوں ہی اچھے تھے لیکن افسوس کے دونوں کی سوچ اور ذہن مختلف تھا، دونوں ایک دوسرے سے منفرد تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی شادی سے ہی انہیں دو بچے ہیں، بیٹی علیزہ اور بیٹا اذان انہیں پہلے شوہر سے ہیں اور ان کے لیے وہی سہارا ہیں۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں شادی کرنے کے اگلے دس منٹ بعد ہی احساس ہوچکا تھا کہ انہوں نے غلط شخص شادی کرلی لیکن اس باوجود انہوں نے شادی کو 10 سال تک چلایا۔

ان کے مطابق کچھ ایسی باتیں ہوئی تھیں، جس کے بعد انہیں احساس ہوا کہ انہوں نے غلط مرد سے شادی کرلی۔

اداکارہ کے مطابق وہ پرانے خیالات کی مالک ہیں، اس لیے جب انہوں نے شادی کی تو انہوں نے اسے کامیاب بنانے کے لیے پوری جان اور زندگی لگادی اور شادی کو 10 سال تک چلایا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اس دوران طلاق سمیت دوسری باتوں سے ڈرتی رہیں لیکن پھر انہیں فیصلہ لینا پڑا۔

نادیہ خان نے یہ شکوہ بھی کیا کہ سماج میں 100 افیئرز چلانے والے کو برداشت کیا جاتا ہے لیکن دوسری شادی اور طلاق والے کو پسند نہیں کیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں اگر کوئی زنا کرتا ہے تو وہ بھی قابل قبول ہوتا ہے لیکن دوسری شادی اور طلاق قبول نہیں ہوتی۔

خیال رہے کہ اداکارہ کی بیٹی 20 سال سے زائد العمر ہے جب کہ بیٹا 14 سال کا ہے۔ انہوں نے جنوری 2021 میں تیسری شادی فیصل راؤ سے کی تھی اور ان کے دونوں بچے انہیں پہلے شوہر سے ہیں۔ اداکارہ و میزبان کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں جب کہ ان کے تیسرے شوہر کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

Share.

Leave A Reply