پاکستان نے ناقابل تسخیر دفاع کی جانب سے ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے فتح 2 گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان نے فتح 2 گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا جس کی رینج 400 کلومیٹر ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تجربے کا مقصد لانچ کی مشقوں اور طریقہ کار کو مکمل کرنا تھا، فتح ٹو جدید ترین نیوی گیشن سسٹم سے لیس ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح ٹو درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے اور کسی بھی میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، فتح ٹو راکٹ سسٹم کو پاکستان کے آرٹلری ڈویژنز میں شامل کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ راکٹ سسٹم پاک فوج کے روایتی ہتھیاروں کی رسائی اور مہلکیت کو نمایاں طور پر اپ گریڈ کرے گا، فتح 2 انتہائی درستگی کےساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف جنرل اسٹاف اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے تجربے کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب تجرے پر بھی مبارک باد پیش کی۔