رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان پر آنے کا ہے جب کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان 19 سے20 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر کا یہ اہم دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہوگا، رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے دوران 8 سے زائد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ اسلام آباد کے دورے کے دوران وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔
یاد رہے کہ مارچ میں ترک صدر نے شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی تھی۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی، ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا تھا اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا تھا۔
بعد ازاں گزشتہ ماہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ وہ بنیادی قومی مفادات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں قیام امن پر بھی زور دیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی کی دعوت دی تھی۔