وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ زیرغور نہیں آیا

Pinterest LinkedIn Tumblr +

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کا معاملہ زیرغور نہیں آیا جب کہ بانی پی ٹی آئی، عارف علوی، قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی پر بھی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ختم ہوگیا، وفاقی کابینہ نے 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ زیر غور نہیں آیا، بانی پی ٹی آئی، عارف علوی، قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی پر بھی فیصلہ نہ ہوسکا۔

کابینہ اجلاس میں سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ایکٹ 1997 کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام کی سمری پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پائیدار ترقیاتی منصوبہ جات کےلیے پاکستان ڈنمارک میں ایم او یو پر دستخط کی منظوری دی گئی، متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ، نجکاری کمیشن کے بورڈ کے اراکین کی تعداد میں اضافے کی سمری پر غور کیاگیا، جب کہ 22-2021 اور 23-2022 کے لیے پالیسیوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کابینہ کو پیش کی گئی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری پر دوست ممالک کے سرمایہ کاروں اور شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابینہ اجلاس جس میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر غور متوقع تھا، وزیر اعظم کے ’مصروف شیڈول‘ کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ سے سابق صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری کے لیے کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پہلے ہی آئین کی خلاف ورزی کے الزام میں پی ٹی آئی پر سیاست سے پابندی لگانے اور اس کے رہنما کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ پی ٹی آئی 2014 سے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور مختلف مواقع پر خاص طور پر حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف مظاہروں کے دوران ہونے والی متعدد ہلاکتوں کی ذمہ دار ہے۔

Share.

Leave A Reply