حکومت مذاکرات کے بعد فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے، نائب امیر جماعت اسلامی

Pinterest LinkedIn Tumblr +

دھرنا مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے بعد عملاً فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے، عوام کو ریلیف نہ دینے سے حکومت ملک کو انارکی کا شکار کر رہی ہے۔

جماعت اسلامی کا بجلی کی زائد قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی و ٹیکسز کے خلاف راولپنڈی میں جاری دھرنا دسویں روز میں داخل ہوگیا ہے، لیاقت باغ کے مقام پر بڑی تعداد میں کارکنان موجود ہیں۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے بعد عملاً فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے، جماعت اسلامی کا حق دو دھرنا کامیابی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم عوام کے مقابلے میں نہیں ٹہرسکیں گے، عوام کو ریلیف نہ دینے سے حکومت ملک کو انارکی کا شکار کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا ثمر ہے، جماعت اسلامی سی پیک کی حامی ہے، حکومت سی پیک پر اپنی پارٹی سیاست بند کرے۔

کراچی دھرنا
دوسری جانب جماعت اسلامی کا کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر بھی دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحٰمن بھی کراچی پہنچ گئے ہیں، آج رات 8 بجے دھرنے سے خطاب کریں گے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 16 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، صوبے میں لوگوں کی زندگی کا خاتمہ کردیا جاتا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں طویل عرصے سے ظلم کیا جارہا ہے، سندھ میں وڈیرے عوام پر ظلم کرتے ہیں، وڈیروں کےظلم کی خبریں رپورٹ نہیں ہوتی۔

گورنر سندھ کی ہدایت پر دھرنا مظاہرین کی چائے سے تواضع
ادھر، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی کے دھرنے کو خوش آمدید کہتے ہوئے ایک بار پھر گورنر ہاؤس میں آنے کی دعوت دے دی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھل چکے ہیں، دھرنے میں شریک نوجوان آئی ٹی کورسز میں داخلے کے لیے تعلیمی اسناد ساتھ لائیں، سب کو آئی ٹی کورسز کرانے کے لیے تیار ہوں تاکہ نوجوان ہنر مند بن سکیں۔

بعد ازاں، گورنر سندھ کی ہدایت پر کراچی میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں شریک مظاہرین کی چائے سے تواضع کی گئی اور پانی کی بوتلیں بھی بھیجی گئیں۔

Share.

Leave A Reply