جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے 2 ملزمان کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار

Pinterest LinkedIn Tumblr +

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

 ایف آئی اے امیگریشن نے مسافروں کے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کی اطلاع موصول ہونے پر کارروائی کی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کی شناخت ارسلان اعوان اور محمد کلیم خان کے نام سے ہوئی ہے جہاں ملزم ارسلان اعوان فلائٹ نمبر آئی اے۔1409 کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا جبکہ ملزم کلیم جعلی دستاویز پر امریکا جا رہا تھا۔

ملزم ارسلان اعوان کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا اور تفتیش کے دوران اس پاسپورٹ پر لگا عراقی ویزا جعلی نکلا جبکہ اس کے پاسپورٹ پر سیکیورٹی خصوصیات بھی مشکوک پائی گئیں۔

دوسری کارروائی میں ملزم محمد کلیم خان کی جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا جو امریکا جانے کی کوشش کررہا تھا۔

ملزم سرکاری ادارے کا ملازم ہے جس کی امیگریشن عمل کے دوران دستاویزات مشکوک پائی گئیں جبکہ ملزم کی جانب سے پیش کردہ این او سی بھی جعلی نکلا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے ادارے کے کلرک کے ذریعے جعلی این او سی تیار کی جس کے بعد ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔

Share.

Leave A Reply