کراچی پولیس چیف کی سربراہی میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوا جس میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس اقدامات کا حکم دیا گیا۔
کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کراچی پولیس کے سربراہ جاوید اوڈھو کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں جرائم کی صورتحال، مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف پولیس کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں کے خلاف سخت اور کامیاب ایکشن کے لیے مربوط اور ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
اس کے علاوہ شہر میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی چوری سمیت اغوا برائے تاوان کی بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
پولیس سربراہ نے زونل ڈی آئی جیز کو انسپکشن ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات کی جو شہر میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرکے اعلیٰ حکام کو ارسال کرے گی۔
اس سلسلے میں جشن آزادی کے موقع پر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھانے کے علاوہ عوام کے تحفظ کے لیے مزار قائد، سی ویو اور ہاکس بے میں اضافی نفری تعینات اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دیے۔
اجلاس میں زونل سربراہان سمیت تمام ڈی آئی جیز اور تمام ضلعی ایس ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی شریک تھے۔