اداروں میں اصلاحات لانے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، اسحٰق ڈار

Pinterest LinkedIn Tumblr +

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ قومی اداروں میں اصلاحات لانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں، شہباز شریف کی قیادت میں معیشت دوبارہ بحال ہوگی، ہم پاکستان کو دنیا میں معاشی طور پر باوقار ملک بنائیں۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے، پہلے بھی وزیر خزانہ رہا،اس بار مجھے کئی ذمہ داریاں ملی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پاکستان کو معاشی طور پر بہت نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا تھا پاکستان کو بھنور سے نکلنے میں 15سال لگیں گے لیکن نواز شریف کی حکومت میں اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں صرف ساڑھے 3سال لگے، 2013میں 18، 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی، ایک دن میں درجنوں دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت تباہ کن تھی، پھر اللہ تعالی نے کرم کیا، ساڑھے 3 سال میں تمام مسائل حل ہوئے، لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی، دنیا ہماری معیشت کی معترف ہو گئی اور کہا گیا کہ جس طرح پاکستان ترقی کر رہا ہے یہ جلد جی 20میں شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں 2017 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا لیکن اس کے بعد اگلے 4 برسوں میں پاکستان معاشی لحاظ سے 47ویں نمبر پر آ گیا اور یہ کوئی چھوٹا نقصان نہیں ہے ، آج جو ملک کے مسائل ہیں یہ اسی وجہ سے ہیں۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہماری کوشش ہے کہ معیشت بحال ہو اور ہم دوبارہ پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا اقدام لائق تحسین ہے جس میں انہوں نے 64 ارب روپے مختص کر کے پنجاب کی عوام کو بجلی کے یونٹ میں 14 روپے کا ریلیف دیا ہے

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے پہلے شہباز شریف کابینہ کی منظوری سے 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اس ملک نے مسلم امہ کی قیادت کرنی ہے ،اسے ہم نے ایٹمی قوت بنا دیا، اب اسے معاشی قوت بنانا ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ قومی اداروں میں اصلاحات لانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں، شہباز شریف کی قیادت میں معیشت دوبارہ بحال ہوگی، ہم پاکستان کو دنیا میں معاشی طور پر باوقار ملک بنائیں۔

Share.

Leave A Reply