ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کیلئے ندا ڈار کی جگہ فاطمہ ثنا پاکستان کی کپتان مقرر

Pinterest LinkedIn Tumblr +

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2024 سے پہلے ندا ڈار کو کپتانی سے ہٹاکر فاطمہ ثنا کو قیادت کے فرائض سونپ دیے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے قومی ویمنز ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کی جگہ فاسٹ باؤلر فاطمہ ثنا کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کی قیادت سونپ دی۔

22 سالہ فاطمہ ثنا پہلی بار ٹی20 اور کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے، وہ اس سے قبل ون ڈے میں 2 بار قومی ٹیم کی کپتانی کرچکی ہیں، جس میں ہیگلے اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف سپر اوور کی تاریخی جیت بھی شامل تھی۔

یاد رہے کہ 22 سالہ فاطمہ اب تک 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائنگی کر چکی ہیں، وہ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت بھی کرچکی ہیں۔

قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے کپتان کے علاوہ ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں، گزشتہ ماہ ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے لیے سری لنکا کا دورہ کرنے والے اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے، 2023 میں ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں شامل بلے باز صدف شمس نے وکٹ کیپر ناجیہ علوی کی جگہ لی ہے۔

2023 کے ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں شامل 10 کھلاڑی رواں سال متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی20 ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ان میں عالیہ ریاض، منیبہ علی، نشرہ سندھو، عمائمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن، صدف شمس، ندا ڈار اور فاطمہ ثنا شامل ہیں جب کہ لیفٹ آرم اسپنر سعدیہ کا انتخاب فٹنس سے مشروط ہے اور لیفٹ آرم سیمر تسمیہ رباب بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 3 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے، پاکستان گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ہے۔

گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش سے منتقل ہونے کے بعد ٹورنامنٹ کے نظرثانی شدہ شیڈول کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان ویمنز اسکواڈ:
فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمائمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ ، تسمیہ رباب، طوبہ حسن

ٹریول ریزور:
ناجیہ علوی (وکٹ کیپر)

نان ٹریول ریزروز:
رامین شمیم ​​اور ام ہانی

Share.

Leave A Reply