کراچی: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی میں 27 سے 31 اگست کے دوران متوقع موسلا دھار بارش سے آگاہ کیا جس پر مراد علی شاہ نے تمام بلدیاتی اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت رین ایمرجنسی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، سعید غنی، جام خان شورو، میئرکراچی مرتضیٰ وہاب، میئرسکھر ارسلان شیخ اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
دوران اجلاس چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ کراچی میں 27 سے 31 اگست تک موسلا دھار بارش متوقع ہے، بارش کا دوسرا اسپیل ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا، دوسرے اسپیل میں بھی کراچی میں بارشیں متوقع ہیں۔
سردارسرفراز نے اجلاس میں بتایا کہ سندھ میں آج بارش کا سسٹم داخل ہوگا جو 31 اگست تک جاری رہے گا، اس کے بعد بارش کا ایک اور سسٹم ستمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس نئے اسپیل سے کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹرز ،ٹھٹہ، سجاول، میرپورخاص، سانگھڑ اور نوابشاہ میں 250 سے 300 ملی میٹر جبکہ بدین، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں 500 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کیرتھر رینج پربارش کے نتیجے میں دادو، قمبر، شہدادکوٹ، جیکب آباد اور جامشورو میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو بندوبست کرنے اور تمام ڈویژنل کمشنرز کو صورتحال کا جائزہ لے کر انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں کیلئے بھی محکمہ فشریز ضروری ہدایات جاری کرے ، امدادی سامان پی ڈی ایم اے کے اسٹاک میں موجود ہے۔