اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی مرد و خواتین کی جوڑیاں بنانے کا شوق ہوتا تھا، اسی شوق کے تحت ہی انہوں نے کم عمری میں تین سے چار رشتے بھی کرادیے تھے۔
ندا یاسر نے حال ہی میں اپنے مارننگ شو میں مہمانوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے 10 سال کی عمر سے پہلے پہلے اپنے اپارٹمنٹس میں تین سے چار رشتے کرا لیے تھے۔
وائرل ہونے والی مختصر کلپ میں ندا یاسر کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی جوڑیاں بنانے اور رشتے کروانے کا شوق تھا۔
ان کے مطابق انہوں نے ہی اپنے ماموں کی شادی کروائی، انہوں نے ہی پہلے اپنی مامی کو پسند کیا اور پھر والدہ کو ماموں کے لیے مذکورہ خاتون کو دیکھنے کے لیے کہا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی مامی وہیں اسی اپارٹمنٹ میں رہتی تھی، انہوں نے انہیں دیکھنے کے بعد والدہ کو ماموں کے لیے مذکورہ خاتون کو پسند کرنے کا کہا اور پھر ان کی والدہ نے ان کی فرمائش پر خاتون سے ملاقات کرکے شادی طے کی۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی عمر 7، 8 یا پھر 9 سال ہوگی اور تب تک وہ اپنے ہی اپارٹمنٹس کے دیگر تین سے چار رشتے بھی کروا چکی تھیں۔
ان کے مطابق انہوں نے اپنے ہی اپارٹمنٹس میں لوگوں کی آپس میں جوڑیاں بنواکر تین سے چار رشتے کروادیے۔
ان کی بات پر پروگرام میں مہمان شرکا نے بھی حیرانگی کا اظہار کیا لیکن بعد ازاں کہا کہ لڑکیاں پیدائشی طور پر ماں ہوتی ہیں، قدرت کی طرف سے وہ ایسی خصوصیت اور خاصیت کے ساتھ پیدا ہوتی ہیں کہ وہ چیزوں اور رشتوں کو سمیٹتی ہیں۔
ندا یاسر کی جانب سے کم عمری میں ہی اپنے ماموں کی شادی کروانے کے دعوے سمیت تین سے چار رشتے کروانے کی بات پر لوگوں نے مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔