کراچی، حیدرآباد میں موسلا دھار بارشوں اور سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا خدشہ: محکمہ موسمیات

Pinterest LinkedIn Tumblr +

محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسلا دھار بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق رن آف کچھ انڈیا اور تھرپارکر کے قریب موجود مون سون کا مضبوط نظام آج کراچی اور حیدرآباد پہنچے گا۔

بارش کے اس نظام کے باعث جمعرات کی شام کراچی، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

ادارے کے خبردار کیا ہے کہ ہواؤں کے اس دباؤ سے سائیکلون طوفان آنے کا خدشہ ہے جب کہ ہواؤں کے اس دباؤ کے وجہ سے سندھ کے علاقوں تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سسٹم اس تمام صورتحال پر نظر رکھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کےکئی مقامات پر 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار اور کہیں شدید موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

حکام کے مطابق پیشن گوئی کی مدت کے دوران 30-40 کے ٹی ایس کی تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ سمندری حالات انتہائی خراب رہنے کا امکان ہے، ماہی گیروں کو 30 اگست تک کھلے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسم کی مخدوش صورت حال کے باعث ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے بھی متنبہ کیا ہے کہ اس دوران وہ سمندر میں کشتیاں لے کر نہ نکلیں۔

Share.

Leave A Reply