آزاد کشمیر، گلگت بلتستان (جی بی)، خیبرپختونخوا (کے پی) اور پنجاب سمیت ملک بھر میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے علاوہ برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی ہے۔
سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، ظفروال اور بہاولنگر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
جہلم کے گائوں کنگر میں شدید بارشوں اور برساتی نالے پر پُل کی سہولت نہ ہونے کے باعث مریض کو کندھے پراٹھا کر مرکز صحت منتقل کرنا پڑا۔
خیبرپختونخوا میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی ہے۔
نالہ مہ نور میں آنیوالا سیلابی ریلہ مہانڈری بازار میں داخل ہوگیا جبکہ ایبٹ آباد میں بارش کا پانی ایوب میڈیکل کمپلیکس کے نیورو وارڈ میں داخل ہونے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
استور میں لینڈ سلائیڈنگ سے بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ شاہراہ قراقرم چلاس سے گلگت سیکشن لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہے۔ بارش کے دوران شاہراہ بلتستان لینڈ سلائیڈینگ کے باعث 3 مقامات پر بند ہوگئی۔
اسکردو میں موسلادھار بارش اور دیوسائی سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی، باغیچہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے پتھر لگنے سے تین سیاح زخمی ہوگئے جبکہ بارش کے باعث مضافاتی علاقوں میں سیلابی ریلے سے املاک کونقصان پہنچا۔
آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ہٹیاں بالا، اٹھ مقام، نکیال، بھمبر، سماہنی، دھیرکوٹ اور باغ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم پٹہکہ اور دھنی آبشار کے مقامات پر بند ہوگئی۔
شاہراہ سرینگر بھی متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد آمدورفت کیلئےغیر محفوظ ہوگئی ہے۔