پی ٹی اے نے ایکسپائر شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمیں بلاک کرنا شروع کردیں

Pinterest LinkedIn Tumblr +

پاکستان ٹیلی کمیونیکیش اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے موبائل فون سمز بند کرنے کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس مرحلے میں وہ صارفین جن کا شناختی کارڈ 2017 سے قبل ایکسپائر ہوچکا ہے اور تجدید بھی نہیں کرائی ہے، ان شناختی کارڈز پر رجسٹر سموں کو بلاک کیا جائے گا۔

ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کرائیں تاکہ موبائل فونز سموں کو بلاک ہونے سے بچایا جا سکے، اس سے قبل اتھارٹی نے پہلے مرحلے میں جعلی سموں اور ایکسپائر شناختی کارڈ پر رجسٹر سموں کو بلاک کیا تھا۔

تیسرے مرحلے میں انتقال کر جانے والے شہریوں کے شناختی کارڈ پر رجسٹر سموں کو بند کیا جائے گا۔

ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مزید بتایا کہ نادرا ڈیٹا کی بنیاد پر غیر قانونی سموں کو بند کیا جا رہا ہے، ٹیکس فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں جعلی سمیں استعمال ہو رہی ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ وہ صارفین جن کی سمیں بلاک کی جا رہی ہیں، انہیں ایکشن لیے جانے سے قبل بذریعہ میسج اطلاع دی جائے گی۔

Share.

Leave A Reply