گوجرانوالہ کی عدالت نے سرکاری اسکول کی طالبات کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے گوجرانوالہ میں طالبات کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار ملزم عمران کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
پولیس کی جانب سے عدالت کو ملزم کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم کا چھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کردیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے زیر استعمال دونوں موبائل فونز کو فارنزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
اس دوران ملزم نے الزام عائد کیاکہ بچیوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے میں اس کی اہلیہ کا بھی ہاتھ ہے۔
واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں سرکاری اسکول میں تین بچیوں سے زیادتی اور دو ہراساں کرنے کے واقعات رپورٹ ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اسکول کی 5 طالبات کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی ویڈیوز بنا رکھی تھیں، متاثرہ بچیوں سے زیادتی کے انکشافات پر پولیس نے والدین کی مدعیت میں 5 الگ الگ مقدمات درج کرکے بچیوں کے میڈیکل کروائے، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی ثابت ہونے پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم کے مطابق 3 بچیوں سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 2 سے زیادتی کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف زیادتی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیےگئے ہیں اور اس کے موبائل سے برہنہ تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرلی گئی ہیں۔