ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے کہ سندھ ریونیو بورڈ کے معاملات محکمہ خزانہ کے سپرد کرنے پر میڈیا غلط تاثر دے رہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس نے سندھ ریونیو بورڈ کے معاملات پر وضاحتی بیان میں کہا کہ ریونیو بورڈ کو وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے لے کر محکمہ خزانہ کے سپرد کرنے سے وزیر اعلیٰ کے اختیارات محدود نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریونیو بورڈ کے معاملات باقی صوبوں میں محکمہ خزانہ کے ماتحت چل رہے ہیں، جبکہ محکمہ خزانہ کے تحت ریونیو بورڈ کو حوالے کرنا بھی وزیر اعلیٰ کے ماتحت آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ ریونیو بورڈ کو محکمہ خزانہ کے ماتحت کرنے کا فیصلہ سندھ کابینہ کی منظوری سے کیا گیا ہے۔