صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ مریم نواز کی ہدایت ہےکہ پی ٹی آئی کو جلسہ اجازت کرنے کی کھلی اجازت ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دی جائے گی ، اگر امن و امان خراب کرنےکی کوشش کی گئی تو آہنی ہاتھوں سےنمٹا جائےگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت ہے کہ پی ٹی آئی کو جلسہ اجازت کرنے کی کھلی اجازت ہے، البتہ لوگ انہوں نے خود لانے ہیں لاہور یا کسی اور جگہ پر کنٹینر ز لگاکر کوئی سڑک بند نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان خراب کیا گیا تو انتظامیہ حرکت میں آئے گی، عمران خان کے الفاظ ’ڈو اور ڈائی ’ برداشت نہیں کریں گے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے، 9 مئی کے اشتہاریوں اور امن خراب کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی، خیبرپختونخوا سے ڈنڈا فورس لانے والے علی امین گنڈا پور یاد رکھیں سب سے اچھا ڈنڈا پنجاب پولیس کا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور لاہور آ رہے ہیں کیا بہتر سیاسی ماحول کے لیے مریم نواز ان سے ملاقات کرسکتی ہیں؟
انہوں نے جواب دیا کہ وہ لاہور آ رہے ہیں یہ ہی کافی نہیں، وہ آئیں اور معافی بھی مانگیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جلسوں سے باہر نہیں آ سکتے، وہ 190 ملین اور توشہ خانہ پر این آر او مانگنا چاہتے ہیں لیکن انہیں نہیں ملے گا۔