پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ اسما عباس نے ماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ توجہ حاصل کرنے کے لیے بھی ڈرامے کرتی ہیں۔
اسما عباس نے ایک نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے ڈرامہ ’بے بی باجی‘ کی تشہیر کرتے ہوئے گھریلو مسائل سے متعلق گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں ماؤں کو گھروں میں ڈرامے کرتے ہوئے دیکھتی ہوں تو میں پریشان ہوکر خود سے سوال کرتی ہوں کہ کیا حقیقی زندگی میں بھی یہ سب ہوتا ہے۔
ڈرامہ آرٹسٹ نے کہا کہ ان ماؤں کو دیکھنے کے بعد میں اپنی بہوؤں سے تفریحاً کہتی ہوں کہ آپ کو شکر ادا کرنا چاہیے کہ میں ہر وقت گھر پر موجود نہیں ہوتی، مجھے گھر میں نظم و ضبط اور صفائی ستھرائی پسند ہے لیکن میں اپنی بہوؤں پر سختی نہیں کرتی۔
اداکارہ نے اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کی نوید دیتے ہوئے کہا کہ وہ رواں سال کے آخر میں اپنے بیٹے احمد عباس کے فرض سے بھی سبکدوش ہونے جا رہی ہیں۔
اسما عباس نے شو میں مزاحیہ اندازمیں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ میں نے بڑی بہو سے سیکھا ہے اسے چھوٹی بہو پر آزماؤں گی۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں اکثر اپنی چھوٹی بہو کو نصیحت کرتی ہوں کہ جب میں نہیں رہوں گی تو سسرال آنے کے بعد آپ کو ہی یہ سب دیکھنا ہے۔
انہوں نے ماؤں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو مائیں اپنے بچوں کے جذبات سے کھیلتے ہوئے بہوؤں کو نیچا دکھاتی ہیں اور ڈرامے کرتی ہیں، انہیں چاہیے کہ اپنے بچوں کو پریشان نہ کریں، کیونکہ بچے ماؤں کے آنسو دیکھ کر پریشان ہوجاتے ہیں۔