وزیراعظم شہباز شریف کی کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون سے لے کر دونوں ممالک کے مابین عوامی اور سماجی تبادلوں تک دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت سیل کے تحت کویت اور پاکستان کے درمیان اقتصادی روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
بیان میں بتایا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ 24 ستمبر کو وزیر اعظم شہباز شریف امریکا کے 5 روزہ دورے کے سلسلے میں نیو یارک پہنچے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آج نیو یارک میں مصروف دن گزاریں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی طرف سے رکن ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ وہ مختلف ملکوں کے سربراہان سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کریں گے۔
شہباز شریف کے ہمراہ دورہ امریکا میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔