محض 14 سال کی عمر میں اسٹار بن چکا تھا، بہروز سبزواری

Pinterest LinkedIn Tumblr +

سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا ہے کہ جس عمر میں شناختی کارڈ بھی نہیں بنتا، وہ اس عمر سے قبل یعنی محض 14 سال کی عمر میں اسٹار بن چکے تھے۔

بہروز سبزواری نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام گپ شب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی آنے والی میگا کاسٹ فلم ’نیلوفر‘ کی شوٹنگ پانچ سال قبل 2019 کے اختتام پر ہی مکمل کرلی گئی تھی لیکن وہ تاحال ریلیز نہیں ہوئی۔

انہوں نے مداحوں سے فلم کی ریلیز کے لیے دعائیں کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مذکورہ فلم میں طویل عرصے بعد ایک بار پھر فواد اور ماہرہ خان کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

انہوں نے ماہرہ اور فواد خان کی اداکاری اور شخصیت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ ہمسفر ڈرامے کے وقت محبت کرنے اور عزت دینے والے ہوتے تھے، اسی طرح آج بھی وہ ویسے ہی ہیں۔

بہروز سبزواری نے فواد اور ماہرہ خان کو نہ صرف بہترین اداکار قرار دیا بلکہ دونوں کی شخصیت کی بھی تعریفیں کیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ بہت سارے نوجوان اداکار بہت اچھی شخصیت کے مالک ہیں، وہ محنت کرکے اپنا مقام بھی بنا رہے ہیں لیکن اس باوجود بہت سارے نئے اداکار ایسے ہیں، جنہیں کام سے کوئی مطلب نہیں، ان کا مقصد شہرت حاص کرنا ہوتا ہے۔

بہروز سبزواری کے مطابق بہت سارے نوجوان اداکار محنت کے بغیر ہی شہرت حاصل کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور وہ اپنے سینیئرز تک کی عزت نہیں کرتے، کیوں کہ ان کا مقصد ہی صرف شہرت حاصل کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 50 سال قبل محض 14 سال کی عمر میں ہی اسٹار بن گئے تھے، جس وجہ سے ان میں کم عمری میں ہی مغروری آگئی تھی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ کم عمری میں شہرت اور مقبولیت ملنے کی وجہ سے وہ مغرور بن گئے تھے، جس کا انہیں نقصان بھی ہوا لیکن جلد ہی انہوں نے خود کو سنبھالا اور تکبر چھوڑ کر نیازمندی اختیار کرلی۔

ان کے مطابق انہیں خدا کی بستی نامی ڈرامے سے راتوں و رات شہرت مل گئی تھی، تب صرف ایک ہی اسکرین ہوتا تھا اور اس وقت شہرت حاصل کرنا مشکل ہوتا تھا لیکن اس باوجود انہیں مقبولیت ملی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بھی 10 سال کی عمر میں اداکاری شروع کی جب کہ ان کے بیٹے شہروز سبزواری نے بھی 10 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا۔

بہروز سبزواری کے مطابق ان کے بیٹے شوبز انڈسٹری کو ان سے زیادہ بہتر جانتے ہیں، وہ پوری دنیا کے اداکاروں سے متعلق معلومات رکھتے ہیں جب کہ کتابیں پڑھنے کے ساتھ ساتھ فٹنیس پر بھی توجہ دیتے ہیں۔

Share.

Leave A Reply