غزہ کے حوالے سے امریکی ‘پیس بورڈ’ میں حکومتی شمولیت اور فلسطینی مزاحمت کے خلاف سازش کی شدید مذمت

Pinterest LinkedIn Tumblr +

غزہ کے حوالے سے امریکی ‘پیس بورڈ’ میں حکومتی شمولیت اور فلسطینی مزاحمت کے خلاف سازش کی شدید مذمت

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) سندھ، موجودہ کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے امریکہ کے زیرِ اثر غزہ کے لیے بنائے گئے نام نہاد ‘پیس بورڈ’ میں شمولیت کے فیصلے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستانی عوام کے جذبات کی توہین ہے بلکہ بانیِ جماعت قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے اس نظریاتی موقف سے غداری ہے جو ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کی غیر مشروط حمایت پر مبنی رہا۔

پاکستان کی موجودہ حکومت کو یہ قطعی اختیار حاصل نہیں کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ دہشت گرد اور جنگی مجرم نیتن یاہو کے ساتھ کسی بھی میز پر بیٹھے۔ حماس کو غیر مسلح کرنے کی آڑ میں اسرائیل اور امریکہ کی سہولت کاری کرنا تاریخ کا سیاہ ترین باب ثابت ہوگا۔

ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ:

افواجِ پاکستان کو کسی صورت امریکی و اسرائیلی مفادات کی بھٹی میں نہیں جھونکا جا سکتا۔ پاکستانی فوج ملک کی محافظ ہے، اسے فلسطینیوں کی جائز مسلح جدوجہدِ آزادی کو کچلنے کے لیے استعمال کرنا ناقابلِ برداشت ہے۔

حماس فلسطین کی منتخب نمائندہ طاقت اور قابض اسرائیلی افواج کے خلاف مزاحمت کا استعارہ ہے۔ اسے غیر مسلح کرنے کی کسی بھی بین الاقوامی سازش کا حصہ بننا فلسطینیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومتِ پاکستان فوری طور پر اس نام نہاد ‘پیس بورڈ’ سے لاتعلقی کا اظہار کرے اور اسرائیل کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں جاری مقدمات اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عملی جدوجہد کرے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) سندھ، غیور عوام کو آگاہ کرتی ہے کہ حکمرانوں کا یہ فیصلہ پاکستان کی خودمختاری اور نظریاتی سرحدوں پر حملہ ہے۔ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

منجانب:

صوبائی سیکرٹریٹ،

پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) سندھ

Share.

Leave A Reply