اسلام آباد پاکستان تحریک انصاف میں اختلاف رائے شدید ہونے کا دعویٰ سامنے آگیا۔ جیو نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ عمران خان اپنے آپ کو بند گلی میں لے آئے ہیں، وہ جو کچھ بھی کررہے ہیں اس کا ردعمل پیدا ہورہا ہے اور وہ رد عمل ان کے خلاف یکسوئی پیدا کررہا ہے وہ جو کچھ کررہے ہیں اس سے ان کو کچھ حاصل نہیں ہورہا بلکہ ان کی اپنی جماعت میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے اور اختلاف رائے شدید ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی فیصلے کیے عمران خان نے شخصی طور پر کیے آئندہ کے فیصلوں کا بھی وہ کہہ رہے ہیں کہ ان کا کسی کو پتہ نہیں ہے اور ان کے سینے میں موجود ہے کہ وہ کس وقت کیا کریں گے، ایسی حالت میں لوگوں میں کنفیوژن پھیل رہا ہے اور وہ یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ ان کا ایک بے سمت سفر ہے اور اگر عمران خان کسی بھی لانگ مارچ کی کال دیتے ہیں تو اس میں اس طرح کی شرکت نہیں ہوگی جیسی توقع کی جارہی تھی۔
سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوچنے سمجھنے والے لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ وہ صحرا میں جارہے ہیں اور کچھ معلوم نہیں ان پر کیا بیتے گی، ایسے میں عمران خان کا امتحان ہے کیوں کہ عمران خان بند گلی میں پھنس چکے ہیں میرا نہیں خیال کہ ان کے دباؤ کا نتیجہ نکلے گا یا جس طرح کی باتیں کی جارہی ہیں ان سے گھبرا کر کوئی ان کے ساتھ یا ان کے پیچھے آکر کھڑا ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کی اپنی حکمت عملی میں عمران خان نے اپنے آپشنز کو محدود کیا ہے، ان کے مناسب بات یہی تھی کہ وہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر اسمبلی میں بیٹھتے، ان کی بڑی طاقت ہوتی، وہ پارلیمانی سیاست کرتے اور جلسوں میں بھی اپنی توانائی کا ثبوت دیتے، جب الیکشن آتا تو اس میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کردیتے لیکن انہوں نے جس طریقے سے پیش قدمی کی ہے اس سے انہیں کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔
عمران خان بند گلی میں پھنس چکے‘ پی ٹی آئی میں اختلاف رائے شدید ہونے کا دعویٰ
Share.