اسلام آباد: عام انتخابات میں منتخب ہونے والے سینٹرز کنفیوژن کا شکار ہیں جبکہ سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پر الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 223 فور کے تحت چھ نشستوں پرعام انتخابات میں ممبران کی کامیابی پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا۔
عام انتخابات کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بطور رکن بلوچستان اسمبلی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سینیٹ کی نشست اب خالی ہے، صادق سنجرانی کی مدت 11 مارچ کو ختم ہو رہی ہے، اس لئے انکی نشست پر الیکشن شیڈول جاری نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق نذہت صادق کی نشست بھی خالی ہوئی لیکن انکی مدت 11 مارچ کو ختم ہونے کے باعث الیکشن شیڈول نہیں دیا، باقی 6 ممبران سینیٹ کی مدت 2027 تک تھی، اس لئے ان پر الیکشن شیڈول جاری کیا۔
الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 223 فور کے تحت نثار کھوڑو اور جام مہتاب کی نشست خالی قرار دیتے ہوئے ان کی نشست پر الیکشن کا شیڈول جاری کیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ نشست خالی قرار دیے جانے کے باجود تحت نثار کھوڑو اور جام مہتاب سینیٹ اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس حوالے سے ذرائع سینیٹ سیکریٹریٹ نے بتایا کہ نثار کھوڑو اور جام مہتاب اس وقت سینیٹ ایوان کے رکن نہیں، اس وقت یہ دونوں ایوان میں اجنبی ہیں۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کے ذرائع نے مزید نے کہا کہ نثار کھوڑو اور جام مہتاب نے سینیٹ اجلاس میں آج تقاریر کیں جو غیر آئینی ہے۔