بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، ہرنائی، لورالائی، دکی، ژوب سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ دانیسر میں لینڈ سلائیڈنگ سے بلوچستان کا خیبرپختونخوا سے رابطہ 20 گھنٹے تک معطل رہا۔
بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث ہرنائی تا سنجاوی اور ژوب تا ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے۔
اس کے علاوہ دانیسر میں لینڈسلائیڈنگ سے منقطع ہونے والا بلوچستان کا خیبر پختونخوا سے زمینی رابطہ جزوی بحال کردیا گیا ہے۔
ادھر دکی کی کوئلہ کان میں سیلابی پانی بھرجانے سے پھنسے ہوئے 10کان کنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سیکڑوں ایکڑ پر کاشت گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا جبکہ کوہ سلیمان پر شدید بارش کے بعد سنگھڑ ندی میں طغیانی آگئی جس سے نقصانات کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور اور گرد و نواح میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کی بدولت موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوا۔
محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ 31 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ کی بارشوں اوربرفباری سے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کم سے کم کرنے کیلئے پیشگی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ناخوشگوار صورتحال میں متاثرین کو بروقت امداد اورریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔