پنجاب کے شہر مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں شوہر سجاد نے بیوی سمیت 7 بچوں کو گلا کاٹ کر قتل کردیا۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ قتل کیے جانے والوں میں سجاد کی 40 سالہ بیوی کوثر مائی، 8 سالہ انسہ، 7 سالہ کنزہ، 6 سالہ رمشہ، 4 سالہ مہناز، 2 سالہ انس، 3 سالہ سبحان اور 6 ماہ کی منزہ شامل ہیں۔
پولیس نے جائے وقوع سے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا جس سے افسوسناک واقعے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم درزی کا کام کرتا تھا اور ایک ٹانگ سے معذور تھا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کچھ عرصے سے ذہنی مسائل کا بھی شکار تھا لیکن ابھی قتل کی وجوہات کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
پولیس نے بتایا کہ قتل کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔
وزیر اعلٰی پنجاب کا نوٹس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خاتون سمیت7 بچوں کے مبینہ قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مظفر گڑھ واقعے پر انسپکٹر جنرل (آئی جی ) پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 7 بچوں کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور مکمل تحقیقات اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم بھی جاری کردیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2 مارچ کو لاہور کے علاقے سبزہ زار کی حدود میں گھریلو ناچاقی پر بیوی کو قتل کرنے والے مبینہ قاتل شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اکثر میاں بیوی کے درمیان گھریلو جھگڑا رہتا تھا۔
ملزم بلال نے ایک دن جھگڑے کے بعد اپنی بیوی راحت بی بی کا گلا کاٹ کر قتل کیا جو تین کمسن بچوں کی ماں تھی۔
13 فروری کو ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے ضلع چکوال میں سفاک شخص نے گھریلو تنازع پر اپنی بیوی اور چار بچوں کو قتل کردیا تھا۔
واقعہ چکوال کے علاقے زدلفہ ٹاون میں پیش آیا جہاں گھریلو تنازع پر ایک شخص نے مشتعل ہوکر فائرنگ کردی تھی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کی بیوی اور 4 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔