بھارت: شدید گرمی کے سبب دور درشن پر لائیو نشریات کے دوران نیوز کاسٹر بیہوش

Pinterest LinkedIn Tumblr +

بھارت میں اس وقت مختلف حصوں میں گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے اور اسی ہیٹ ویو(گرمی کی لہر) کے حوالے سے بلیٹن پڑتے ہوئے نیوز کاسٹر دوران ٹرانسمیشن ہی شدید گرمی اور پانی کی کمی سے بے ہوش ہو گئی۔

بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے کچھ حصوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اور درجہ حرارت 40 سے 46 تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

بھارتی سرکاری ٹی وی دور درشن کی کولکتہ برانچ میں لائیو نشریات کے دوران ہیٹ ویو کے حوالے سے اپ ڈیٹس دیتے ہوئے لاینکرپرسن لوپا مدرا سنہا بے ہوش ہو کر گر پڑیں کیونکہ ان کا بلڈ پریشر گر گیا تھا۔

بے ہوش ہونے سے قبل لوپا مدرا کو خبریں پڑتے ہوئے بڑبڑاتے ہوئے بھی دیکھا گیا اور کچھ دیر بعد ان کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔

نیوز کاسٹر لوپا مدرا نے کہا کہ ٹیلی پرامپٹر میری نظروں سے اوجھل ہو گیا اور میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا جس کے بعد میں کرسی پر ڈھیر ہو گئی۔

انہوں نے کہا میں شدید گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہوئی، دفتر کے کولنگ سسٹم میں خرابی کی وجہ اسٹوڈیو کے اندر بھی شدید گرمی تھی اور بلڈپریشر ایکدم گر گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح نشریات سے پہلے میں بیمار تھی اور میرا گلا گرمی سے خشک ہو رہا تھا، میں اپنے ساتھ کبھی پانی کی بوتل نہیں رکھتی، پندرہ منٹ کی نشریات ہو یا آدھے گھنٹے کی، میں نے اپنے 21 سالہ کیریئر میں کبھی بھی نشریات کے دوران پانی کے گھونٹ پینے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔

نیوز کاسٹر نے کہا کہ لیکن اس دن ابھی براڈکاسٹ ختم ہونے میں 15 منٹ باقی تھے کہ ممیرا حلق خشک ہونے لگا، جب ٹی وی میرے چہرے کے بجائے تصاویر دکھا رہا تھا تو میں نے فلور مینیجر کی طرف اشارہ کر کے پانی مانگا تھا لیکن مجھے پانی پینے کا موقع نہیں مل رہا تھا کیونکہ اسٹوریز بلا کسی توقف کے چلے جا رہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلیٹن کے اختتام سے کچھ دیر قبل ایک وقفہ آیا تو میں نے پانی پیا ، پانی پینے کے بعد کسی طرح سے دو اسٹوریز مکمل کیں اور ابھی دو اسٹوریز باقی تھیں کہ جب میں بے ہوش ہو گئی۔

لوپا مدھرا نے کہا کہ ہیٹ ویو کی اسٹوری پڑھتے ہوئے میری آواز گھٹنے لگی، میں نے اپنا کام مکمل کرنے کی کوشش کی لیکن مجھے ٹیلی پرامپٹر نظر آنا بند ہو گیا اور میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے جب یہ سب ہوا تو ٹیلی ویژن پر 30 سے 40 سیکنڈ کی اینیمیشن چل رہی تھی اور پھر میں اپنی کرسی پر ڈھیر ہو گئی۔

جیسے ہی نیوز کاسٹر بیہوش ہوئیں تو کچھ لوگ فوری طور پر دوڑ کر ان کے پاس گئے اور ان کے چہرے پر پانی کے چھینٹے مارے۔

لوپا مدھرا سنہا نے اس حادثے کے لیے اپنے چینل سے معذرت کی اور بیہوش ہونے کے بعد نشریات کو سنبھالنے اور کسی بدمزگی نہ ہونے پر پروڈیوسرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا کچھ ہوگا۔

انہوں نے ناظرین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ شدید گرمی کے دوران اپنا خیال رکھیں۔

بھارت میں اڑیسہ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے حصوں میں شدید گرمی کی دوسری لہر جاری ہے جہاں اس ہیٹ ویو کی پہلی لہر نے تلنگانہ، آندھرا پردیش، تامل ناڈو اور گجرات کے بڑے حصے میں رہنے والوں کو جھلسا کر رکھ دیا تھا۔

Share.

Leave A Reply