سری لنکا: موٹر اسپورٹس مقابلوں میں گاڑی تماشائیوں میں جا گھسی، 7 افراد ہلاک

Pinterest LinkedIn Tumblr +

سری لنکا میں موٹر اسپورٹس کے مقابلے کے دوران ریس میں شریک کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر شائقین میں جا گھسی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس موٹر اسپورٹس مقابلے کا انعقاد سری لنکن فوج نے کیا تھا اور سری لنکن آرمی کے زیر فاکس ہِل سرکٹ میں ہونے والے اس مقابلے کے لیے کسی قسم کی حفاظتی باڑ نہیں لگائی گئی تھی اور اسی کے پیش نظر گاڑی شائقی میں جا گھسی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ٹریک پر گاڑی الٹنے کے بعد ٹریک مارشلز کو پیلے جھنڈے اٹھائے دیگر ڈرائیور کو آہستہ گاڑی چلانے کی ہدایت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم ڈرائیور تیزی سے دھویں کے بادل اڑاتے ہوئے نکل گئے اور اسی دوران ایک لال رنگ کی گاڑی تماشائیوں میں جا گھسی جس کے بعد ہر طرف لوگوں کی چیخ و پکار سنائی دینے لگی۔

پولیس ترجمان نیہال تھال دووا نے بتایا کہ 27 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 7 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جن میں ایک 8سال کی بچی بھی شامل ہے۔

اس حادثے سے کچھ دیر قبل ہی سری لنکن آرمی چیف ویکُم لیانگے نے ملک میں موٹر اسپورٹس کے فروغ کے لیے ریس میں تماشائیوں کے لیے مفت داخلے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج بہت ہی خاص دن ہے اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بھی بلا ٹکٹ مفت ریس دیکھنے آ سکتا ہے۔

کووڈ کی وبا اور ملک کے معاشی بحران کی وجہ سے اس مقابلے کا انعقاد 5سال کے بعد ہورہا تھا۔

Share.

Leave A Reply