خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز کیے، انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا جہاں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن ڈیرہ اسماعیل میں کیا گیا جہاں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا علاقہ مکینوں نےسیکیورٹی فورسزکی کارروائیوں کوسراہا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں بھی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ اسی روز بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں بھی 4 دہشت گردوں کو مارا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔