صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ خان کی وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اُمور تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اُمور رانا ثناءاللہ خان کو وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہو گا۔
صدر مملکت نے رانا ثنا اللہ خان کی تعیناتی کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 93 (ایک) کے تحت دی ہے۔
گذشتہ روز نجی چینل جیو نیوز پر شاہزیب خانزادہ کے شو میں اس سوال کے جواب میں کہ پارٹی کا اصرار ہے کہ آپ بھی وفاق میں شامل ہوں، کیا یہ خبر درست ہے؟
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ خبر درست ہے اور اس حوالے سے میری وزیراعظم سے ملاقات بھی ہوئی تھی مگر بہرحال ہمارا فیصلہ تھا کہ اس معاملے پر پارٹی لیڈر فیصلہ کریں، اور یہ معاملہ ان کے پاس ہے وہی اس پر فیصلہ کریں گے۔