خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس گورنر فیصل کریم کنڈی کی منظوری کے بغیر ہی کچھ دیر بعد طلب کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے ارکان کی جانب سے جمع کرائی جانے والی ریکوزیشن پر آج اجلاس طلب کیا ہے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اجلاس بلانے کی سمری پر اب تک دستخط نہیں کیے ہیں۔
واضح رہے کہ 38 ارکان اسمبلی نے آج اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن سیکریٹری اسمبلی کے پاس جمع کروائی تھی، ریکوزیشن پر 38 ارکان اسمبلی کے دستخط موجود تھے، قانون کے مطابق اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن پر 38 ارکان کے دستخط لازمی ہونے چاہیے۔
ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد سپیکر اسمبلی نے اجلاس طلب کرلیا، اسپیکر نے آئین کے کلاز 3 آرٹیکل 54 اور آرٹیکل 127 کے تحت اسمبلی اجلاس بلایا ہے۔