وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ عدلیہ، ایگزیکٹو کےکام میں مداخلت کرے گی تو ملک کیسے چلے گا، ہائی کورٹ نے پہلے اورنج ٹرین منصوبے کو روکے رکھا اور اربوں کا نقصان ہوا، اب کسی اور کیس میں الیکٹرک بائیک نہ دینے کا کہہ دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق مریم نواز نے گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج برائے خواتین لاہور میں چیف منسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ، ایگزیکٹو کے کام میں مداخلت کرے گی تو ملک کیسے چلے گا، ہائی کورٹ نے پہلے اورنج ٹرین منصوبے کو روکے رکھا اور اربوں کا نقصان ہوا، اب کسی اور کیس میں الیکٹرک بائیک نہ دینے کا کہہ دیا۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ جب بچوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم دیا گیا تو کورٹ کیوں حرکت میں نہیں آئی۔
قبل ازیں مریم نواز نے بلدیاتی حکومت سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو لاہور کے ہر علاقے میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی گلیوں، گلی محلوں اور سڑکوں پر کھڑا گندا پانی اور ابلتے گٹر دیکھنا تکلیف دہ امر ہے، تمام ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب کا پہلا پلگ اینڈ پلے طرز پر گارمنٹ سٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔
اس مقصد کے لیے وزیر صنعت چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔