یونان میں مبینہ طور پر پاکستان کا قومی پرچم لہرانے کے الزام میں پاکستان کی خاتون صحافی مونا خان کو یونان میں گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق مونا خان ہائیکنگ کے لیے یونان گئیں تھیں، وہ ایک سرکاری ٹی وی میں اینکر پرسن ہیں۔
ذرائع کے مطابق انہیں وہاں مبینہ طور پر پاکستان کا قومی پرچم لہرانے پر مقامی پولیس نے حراست میں لیا۔
ان کے کوچ محمد یوسف نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مونا خان کو گریس پولیس نے حراست میں لیا ہے، ان کا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا ہے، میرا مونا خان سے آخری رابطہ ایک گھنٹے پہلے ہوا تھا۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ مونا خان کی رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اس کے علاوہ مونا خان کی مبینہ گفتگو بھی منظر عام پر آگئی جس میں انہیں کہتے سنا گیا کہ ’میرے ساتھ گریس پولیس نے بدسلوکی کی، تمام ہائیکرز ایک ساتھ جمع ہوئے تھے، جب میں نے پاکستانی پرچم نکالا تو پولیس نے مجھے حراست میں لے لیا۔‘
مونا خان نے کہا کہ ’مجھ سے سوال کیا گیا کہ آپ پاکستان کا پرچم لہرائیں گی، میں نے جواب دیا جی میں پاکستان کا پرچم لہراوں گی۔‘