فرانس: اولمپکس سے چند گھنٹے قبل تیز رفتار ریلوے نیٹ ورک ’تخریب کاری‘ کا شکار

Pinterest LinkedIn Tumblr +

پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل فرانس کا تیز رفتار ریل نیٹ ورک تخریب کاری کا شکار ہوگیا جس کے باعث لاکھوں مسافروں کے سفر میں خلل پڑ گیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تحقیقات سے قریبی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ حملے ’تخریب کاری‘ کی مربوط کارروائیاں تھیں۔

فرانس کی سرکاری ریلوے کمپنی ایس این سی ایف نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک کو مفلوج کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر حملہ کیا گیا ، بہت سے راستوں پر سفر کو منسوخ کر دیا گیا۔

قومی ٹرین آپریٹر نے کہا کہ ایس این سی ایف راتوں رات بیک وقت کئی بدنیتی پر مبنی کارروائیوں کا شکار ہوا، ان حملوں نے اس کی اٹلانٹک، شمالی اور مشرقی لائنوں کو متاثر کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آتشزدگی کے حملے ہماری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے لیے کیے گئے، متاثرہ راستوں پر ٹریفک بہت زیادہ متاثر ہوگیا، مرمت کا کام جاری ہے اور یہ صورتحال ہفتے کے آخر تک رہےگی۔

ایس این سی ایف کے چیف ایگزیکٹو جین پیئر فارانڈو نے کہا کہ ان حملوں کے باعث 8 لاکھ مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب فرانس کے وزیر اعظم گیبریل اٹل نے کہا کہ فرانس کی سیکیورٹی فورسز جمعہ کو آتشزنی کے حملوں میں ملوث لوگوں کو تلاش کر رہی ہیں جنہوں نے اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل ملک کے تیز رفتار ریل نیٹ ورک کو روک دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری انٹیلی جنس خدمات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان مجرمانہ کارروائیوں کے مرتکب افراد کو تلاش کرنے اور سزا دینے کے لیے متحرک ہیں، وزیر اعظم نے حملوں کو ریل آپریٹر ایس این سی ایف کی تنصیبات کے خلاف تخریب کاری کی مربوط کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریل نیٹ ورک پر اس کے بہت بڑے اور سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔

Share.

Leave A Reply