صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی پر فائرنگ سے کم از کم دو افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔
کراچی کے علاقے گولیمار سے گزرنے والی مذہبی جماعت کی ریلی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔
واقعے میں علاقے میں کشیدگی کی صورتحال ہے جبکہ مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائرنگ کے بعد مشتعل افراد نے ایک گاڑی کو بھی آگ لگادی۔
ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے کر متعلقہ علاقے کے افسران سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کہا کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور معاملہ کنٹرول کررہی ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرداخلہ ضیا لنجار نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کو فون کر کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پولیس فوری طور پر امن وامان کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے اور جلاؤ گھیراؤ اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں جو بھی ملوث ہے اسے فوری گرفتار کیا جائے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔