پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بنگلہ دیش کے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کردی۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں قومی ٹیم میں شامل وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بنگلہ دیش کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے مدد کی اپیل کردی۔
راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف تاریخی شکست کے باوجود وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے دونوں اننگز میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، وہ پہلی اننگز میں 171 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور دوسری اننگز میں 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
https://www.instagram.com/p/C_DubICIbW-/
فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اور مائیکربلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام اس وقت تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں، میری دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں، وہ اس وقت ہمت و جرات سے حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
محمد رضوان نے لکھا ’میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کرنے کے لیے اپنے پسندیدہ خیراتی ادارے میں دل کھول کر عطیات جمع کریں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو اس وقت سیلابی صورتحال کا سامنا ہے،حالیہ مون سون بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے تقریباً 3 لاکھ افراد ایمرجنسی پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سیاسی بحران سے نمٹنے کی کوشش کرنے والے بنگلہ دیش میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جہاں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی زد میں آ کر کم از کم 15 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلابی صورتحال پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھ کر پاکستان کی جانب سے مدد کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس کے نام خط میں کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ بنگلہ دیش آپ کی قیادت میں اس مشکل سے جلد نکل آئے گا اور پاکستان اس مشکل وقت میں ہر طرح سے بنگلہ دیش کی مدد کے لیے تیار ہے۔