پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے انتہا پسند اسرائیلی وزیر اتمار بِن گویر کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کی عبادت گاہ بنانے کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کے قبل اول کی تاریخی، اسلامی اور قانونی حیثیت ہے اور اسے ختم کرنے کی کوئی بھی سازش دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہو گی۔
اپنے ایک بیان میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہودی وزیر تمار بِن گویر کا بیان پورے عالم اسلام اور امن چاہنے والوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، اس حوالے سے فوری طور پر اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ مسجد اقصی کی تاریخی، اسلامی اور قانونی حیثیت ہے اور اسے ختم کرنے کی کوئی بھی سازش دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیلی مظالم کو ختم کروانے اور ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی وزیر کے اس بیان کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اسرائیل کی سفاکیت اور بربریت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔