سینیئر اداکارہ عذرا منصور نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے اداکارہ ماورہ حسین کے ساتھ پہلی بار ڈرامے میں کام کرنا شروع کیا تو ان کے ساتھ بہت سارے لوگوں نے ماورہ حسین کی برائی کی اور انہیں اداکارہ سے بچ کر چلنے کا کہا گیا۔
عذرا منصور نے حال ہی میں فوچیا میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں ماورہ حسین اور محب مرزا کے ساتھ ’جفا‘ میں کام کرنے کے تجربے پر بھی کھل کر بات کی۔
سینیئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں تمام کاسٹ کے ساتھ کام کرنے کے مزہ آ رہا ہے، سب ان کی عزت کرتے ہیں۔
انہوں نے ماورہ حسین اور محب مرزا کی اداکاری اور رویے کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداکاروں نے انتہائی اچھی اداکاری کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ’جفا‘ کی شوٹنگ سے قبل ہی شوبز کے افراد نے انہیں ماورہ حسین سے بچ کر چلنے کا کہا۔
عذرا منصور کے مطابق وہ پہلی بار ماروہ حسین کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور انہیں پہلے سے اداکارہ کے رویے سے متعلق کچھ علم نہیں تھا، اس لیے دوسرے لوگوں نے انہیں اداکارہ سے متعلق بڑی بڑی باتیں سنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں کہا گیا کہ ماورہ حسین سے بچ کر چلیے گا، دیکھتے ہیں، وہ کتنے دن آپ کے ساتھ چلتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے تجاویز دینے والے افراد کو کہا کہ وہ تمام افراد کو اپنے بچوں کی طرح دیکھتی ہیں، اگر ایسی بات ہے تو وہ ماروہ حسین کو دوسروں سے زیادہ محبت دیں گی۔
عذرا منصور کے مطابق لیکن جیسے ہی شوٹنگ شروع ہوئی تو انہوں نے ماورہ حسین کا انتہائی پیار بھرا اور عاجزانہ رویہ دیکھا، جسے دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں۔
انہوں نے اداکارہ کی تعریفیں کیں اور کہا کہ ان سے متعلق جیسا انہیں بتایا گیا تھا، ویسے نہیں تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماورہ حسین کو بتایا تھا کہ ان سے متعلق کس کس شخص نے انہیں کیا کیا کہا؟
عذرا منصور نے ماورہ حسین کی شخصیت کی تعریفیں کرتے ہوئے محب مرزا کو بھی اچھی شخصیت کا مالک قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ پوری ’جفا‘ کی ٹیم نے انہیں عزت اور محبت دی۔