ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے قرض پروگرام کے تحت اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان میں مہنگائی کم ہوئی ہے اور معاشی ترقی میں اضافے کا امکان ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے جاری آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس پاکستان کی جی ڈی پی 2.8 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ گزشتہ سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.4 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح 23.4 فیصد رہی جبکہ رواں سال پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔
اے ڈی پی کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے باعث پاکستان کی جی ڈی پی میں اضافہ ہوا، معاشی استحکام کے لیے اصلاحات پر سختی سے عملدرآمد کرنا لازم ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان سرکاری اخراجات پر سختی سے کنٹرول کرے جبکہ پاکستان کو سماجی تحفظ کا دائرہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق حکومت سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کرے اورنجی شعبہ کی ترقی کے لیے کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں اور بہتر ریگولیٹری مانیٹری پالیسی اور ایکسچینج ریٹ کے باعث مہنگائی میں کمی ہوئی۔