ہم نے پہلےخدمت کی بنیاد رکھی اور اس کے بعد سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان خدمت کے علاوہ سیاست کے کسی رُخ کو نہیں مانتی،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ہم پاکستان اور جمہوریت کو بچانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ہم ایسے ایوان کا خواب دیکھتے ہیں جہاں بیٹھنے والے عام پاکستانی کے حالات سے واقف ہوں،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
حیدرآباد میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت امدادی پروگرام کے شرکاء سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا خطاب۔
حیدرآباد۔۔۔۔۔4 اپریل،2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دیکھنا ہوگا ایسے حالات کس کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں کہ پاکستان کے ادارے ایک دوسرے کے خلاف ہوگئے ہیں، حد تو یہ ہے کہ آج ملک کے یہ حالات ہیں سپریم کورٹ کے معزز ججز ایک دوسرے کے خلاف فیصلے دے رہے ہیں،ایسے حالات تو پاکستان میں اس سے پہلے کبھی نہیں آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سالانہ امدادی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس ملک کی سیاست کو ایسا کس نے کردیا کہ ایمرجنسی کی باتیں ہورہی ہیں، ایمرجنسی کی اگر آئین پاکستان میں گنجائش نہیں ہے تو کبھی ایمرجنسی کی بات بھی نہیں ہونا چاہئے، ملک کی سیاست اس وقت بند گلی میں داخل ہوچکی ہے لیکن پھر بھی ایم کیو ایم پاکستان مارشل لاء یا ایمرجنسی کے خلاف ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے صرف حکومت نہیں جمہوریت بھی بچائی ہے اور ہم پاکستان اور جمہوریت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ ہمارے چارٹر پر عمل ہورہا ہے مگر اس کی رفتار بہت سُست ہے، ہم ایسے ایوان کا خواب دیکھتے ہیں جہاں بیٹھنے والے عام پاکستانیوں کے حالات سے واقف ہوں، ہم آج بھی پیشہ وارانہ اور خاندانی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل ایسے سیاسی کارکنان کے ہاتھ میں ہے جنہیں اپنی قوم کے بارے میں سب معلوم ہو، یہ ہمارا بیانیہ اور ہم اپنے بیانیے اور طرزِ سیاست کو نہ بدلیں گے نہ ختم ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان پورے ملک کے عوام کو دعوت دیتی ہے کہ آئیں ملک کے بڑے بڑے ایوانوں میں عام پاکستانی اور کسان کو پہنچانے کی جدوجہد کریں اسی کے نتیجے میں غریب کسان اور ہاری کا بیٹا ایسا ان میں کسان اور ہاری کی نمائندگی کرے گا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ 1978 میں ایک تحریک کا آغاز ہوا پھر 1979 میں خدمت کی بنیاد رکھی گئی جبکہ 1984 میں سیاسی جدوجہد کا آغاز ہوا اور اس روز سے آج تک ایم کیو ایم خدمت کے علاوہ سیاست کے کسی رُخ کو نہیں مانتی۔ آج یہاں سے جو امداد تقسیم کی جائے گی وہ بلا امتیاز رنگ و نسل کسی کی عزتِ نفس کو متاثر کئے بغیر ضرورتمندوں کے گھروں تک پہنچا دی جائے گی، ہم چاہتے ہیں کہ اس خدمت کو پورے پاکستان میں پہنچا دیا جائے۔ سالانہ امدادی پروگرام میں ڈپٹی کنوینئر رابطہ کمیٹی انیس قائم خانی عبدالوسیم اراکین رابطہ کمیٹی سید سہیل مشہدی ؛سید وسیم حسین ؛ڈاکٹر عبدالقادر خان زادہ ۔سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج سلیم رزاق اراکین سندھ تنظیمی کمیٹی ۔ڈسٹرکٹ انچارج ظفر صدیقی اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی حق پرست ارکان سندھ اسمبلی راشد خلجی۔ ناصر قریشی ۔ندیم صدیقی ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد فاروق خان دیسوالی اور حیدرآباد کے معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔