ایک ہی آدمی کو ہزاروں پاؤنڈ لٹانے کے بعد خواتین کا ایک گروپ اب دوسری عورتوں کو تنبیہ کر رہا ہے کہ وہ ڈیٹنگ ایپس کے ذریعے ملنے والے مردوں کا بیک گراؤنڈ ضرور چیک کریں۔
کہانی کچھ یوں ہے کہ 35 سالہ پیٹر گرے ٹنڈر پر خواتین سے ملے اور دھوکے سے ان سے تقریباً 80 ہزار پاؤنڈ (تقریباً دو کروڑ 80 لاکھ پاکستانی روپے) ہتھیا لیے۔۔۔ انھیں چار خواتین کو دھوکہ دینے کے جرم میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ایک متاثرہ خاتون بتاتی ہیں کہ پیٹر گرے نے ان کی ’زندگی کو مکمل طور پر برباد کر دیا‘ اور اب وہ کسی پر بھروسہ کرنے سے ڈرتی ہیں۔
ٹنڈر کا کہنا ہے کہ وہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹولز کے ذریعے صارفین کو ممکنہ فراڈ یا دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے خبردار کر رہا ہے۔
پیٹر گرے کو فروری میں 56 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی اور متاثرہ خواتین کے حوالے سے بھی احکامات دیے گئے تھے۔
بی بی سی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے جیسیکا (فرضی نام) نے بتایا کہ کس طرح وہ 2018 میں ٹنڈر پر پیٹر گرے سے کیسے ملیں۔ اس سے کچھ عرصہ قبل ان کا ایک شخص کے ساتھ چھ سالہ تعلق ختم ہوا تھا۔
اگرچہ گرے انھیں کچھ خاص پسند نہیں آئے تھے تاہم جیسیکا کہتی ہیں کہ وہ ’ایک ایسا شخص تھا جو آپ کی باتیں غور سے سنتا اور اس میں ہر وہ خصوصیت موجود تھی جس کی اس وقت مجھے ضرورت تھی۔‘
تیسری ڈیٹ جو گرے کے اپارٹمنٹ میں ہوئی تھی، اس دن جیسیکا باتھ روم استعمال کرنے کے لیے اٹھیں۔
وہ بتاتی ہیں کہ ’میں نے اپنا پرس اس کے کھانے کی میز پر چھوڑ دیا، اس سے میرا پرس کھولا اور میرے ڈرائیونگ لائسنس اور میرے دونوں بینک کارڈز کی تصاویر لیں۔‘
بعد میں جیسیکا کو پتا چلا کہ ان کے نام پر نو ہزار پاؤنڈ قرض لیا گیا تھا۔
اگرچہ گرے نے وقت کے ساتھ رقم واپس کرنے کی پیشکش کی تھی، مگر جیسیکا پولیس کے پاس گئیں۔
جیسیکا بتاتی ہیں کہ میں اس آدمی کو بمشکل جانتی تھی اور ایسے شخص کے ساتھ پانچ سال تک بندھی نہیں رہنا چاہتی تھی۔
ایک اور خاتون ہینا بھی گرے سے ٹنڈر پر ملیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ ابتدا میں انھیں گرے ایک پرسکون اور بھروسہ مند شخص لگے لیکن کچھ ’ٹھیک نہیں تھا۔‘
ہینا نے گرے سے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے ایک ہفتے بعد انھیں ایک رسید ملی جس کے مطابق ہینا کے نام پر 20 ہزار پاؤنڈ کا قرضہ لیا گیا تھا۔
چند ماہ بعد دونوں نے اس وقت تعلق دوبارہ جوڑا جب گرے نے محبت کے اظہار کے ساتھ ہینا پر تحائف کی بارش کی۔۔۔ تاہم اس مرتبہ بھی ہینا نے رشتہ ختم کر دیا۔
وہ کہتی ہیں کہ ان کی چھٹی حس انھیں خبردار کر رہی تھی اور انھیں اس شخص میں مسائل صاف نظر آ رہے تھے۔
ٹنڈر پر بننے والے تمام تعلقات میں گرے نے ان خواتین سے قریبی روابط استوار کیے جن کے ساتھ وہ آگے چل کر فراڈ کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے والا تھا۔
جب ہینا کو پتہ چلا کہ وہ حاملہ ہیں تو اس وقت ان کی بہن نے گرے کے ماضی کے متعلق جاننے کی کوشش کی اور اس کی ایک سابقہ پارٹنر کا سراغ لگانے میں کامیاب رہیں۔۔۔ اس خاتون نے انھیں گرے کے ماضی کے متعلق خبردار کیا۔
ہینا کہتی ہیں کہ کہ وہ ایسے گھٹیا انسان کے ساتھ بچہ پالنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی تھیں۔
وہ بتاتی ہیں کہ کس طرح اس دن آدھے گھنٹے کی گفتگو کے دوران ان کی آنکھوں کے سامنے ان کی دنیا برباد ہو گئی تھی۔
سنہ 2020 میں جب گرے کی ملاقات الزبتھ (فرضی نام) سے ہوئی تو اس نے ایک بار پھر وہی پیٹرن کو دہرایا۔
اس نے الزبتھ کے گھر پھول بھیجے۔۔ حالانکہ الزبتھ نے اسے کبھی یہ نہیں بتایا کہ وہ کہاں رہتی ہیں۔
الزبتھ بتاتی ہیں کہ ان کی چھٹی حس انھیں خبردار کر رہی تھی ’لیکن میں صرف سوچتی رہی اور خود سے کہتی رہی کہ بے وقوف بننا چھوڑو اب اگر کوئی لڑکا تمھارے ساتھ اچھے سے پیش آ رہا ہے تو اسے قبول کرو۔‘
الزبتھ اپنے نئے گھر میں منتقل ہونے والی تھیں مگر اس سے دو دن قبل گرے نے ان کے ڈرائیونگ لائسنس کا استعمال کرتے ہوئے ان کے نام پر تقریباً 10 ہزار پاؤنڈ کا قرضہ حاصل کیا۔۔ اور بینک نے الزبتھ کو گھر کے لیے قرض دینے سے انکار کر دیا۔
جیسیکا کہتی ہیں کہ گرے کی حرکتوں نے ’میری زندگی کو مکمل طور پر برباد کر دیا‘ اور اس کے بعد جب بھی وہ کسی سے ملیں، انھوں نے اپنا شناختی اور بینک کارڈ ساتھ لیجانے کی غلطی نہیں کی۔
وہ کہتی ہیں کہ اب میں ملنے والے کسی بھی شخص پر بھروسہ نہیں کرتی۔
الزبتھ کہتی ہیں کہ گرے سے ہونے والے دھوکے کے بعد آپ جس سے بھی ملتے ہیں مسلسل سوچتے رہتے ہیں کہ کیا یہ شخص جیسا نظر آ رہا ہے ویسا ہی ہے یا کوئی فراڈ ہے؟
ان خواتین نے انفرادی طور پر ڈومیسٹک وائلینس ڈسکلیوژر سکیم (گھریلو تشدد کا انکشاف کرنے والی سکیم) کا استعمال کیا جسے کلیئر کا قانون بھی کہا جاتا ہے۔ یہ سکیم لوگوں کو یہ حق دیتی ہے کہ وہ اپنے ساتھی کے پس منظر کی جانچ کروانے کے لیے پولیس سے پوچھ سکتے ہیں۔
ایک بیان میں ٹنڈر کا کہنا ہے کہ وہ الفاظ اور فقروں کا پتہ لگا کر آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹولز کے ذریعے صارفین کو ممکنہ فراڈ یا دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے خبردار کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ان ایپ فیچرز سے لے کر پاپ اپ پیغامات اور آگاہی فراہم کرنے تک، ہم نے صارفین کو ممکنہ فراڈ یا دھوکہ دہی سے متنبہ کرنے کے مختلف طریقے رائج کیے ہیں۔‘
’تمام صارفین درخواست کر سکتے ہیں کہ پیغام بھیجنے سے پہلے ان کے میچ کی تصویر کی تصدیق کر لی جائے۔ ہم آن لائن فراڈ کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے غیر سرکاری تنظیموں اور مقامی حکام کے ساتھ بھی شراکت کرتے ہیں
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’تمام صارفین کسی دوسرے صارف کی جانب سے پیغام وصول کرنے سے قبل، بھیجنے والے کی تصویر کی تصدیق کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں۔‘
مزید یہ کہ ایپ، قانون نافذ کرنے والے مقامی و غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر آن لائن فراڈ کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
آن لائن بننے والے رومانوی تعلقات میں دھوکے سے بچنے کے لیے کچھ تجاویز:
اگر کوئی ایسا شخص جس سے آپ حقیقی زندگی میں کبھی نہیں ملے، وہ آپ سے پیسے مانگے تو اس درخواست کو شک کی نظر سے پرکھیں
اس بارے میں اپنے خاندان یا دوستوں سے بات کریں اور اس حوالے سے بات کرنے میں شرم محسوس نہ کریں
ہو سکتا ہے ان کی پروفائل کی تصاویر حقیقی نہ ہوں، اس لیے سرچ انجن کے ذریعے ریورس امیج سرچ کریں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ آیا تصاویر کسی اور سے چرائی گئی ہیں
اپنی کریڈٹ رپورٹ پر نظر رکھیں، خاص طور پر اگر ماضی میں کسی نے آپ کی شناخت چرائی ہو تو زیادہ احتیاط برتیں