وزیراعظم کی بنگلہ دیشی عبوری حکومت کے سربراہ سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

Pinterest LinkedIn Tumblr +

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس سے ملاقات کی اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اور نوبیل انعام یافتہ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی مضبوط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود خیرسگالی سے استفادہ کرتے ہوئے پارلیمانی تبادلوں، باہمی عوامی روابط، کھلاڑیوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں اور طلبہ کے تبادلوں کے ذریعے تعلقات کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جس سے علاقائی تعاون اور دونوں ممالک کے مابین بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوسکے گی۔

دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کے لیے دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالجہتی سطحوں پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Share.

Leave A Reply